فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن کارپوریشن میں انسانی سمگلنگ کے غیر قانونی اقدام اور جبری مشقت کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عائشہ جمیل،سماجی رہنما ڈاکٹر جعفر حسن مبارک،انچارج ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سنٹر محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ،محکمہ لیبر،پراسیکیوشن،چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے افسران اور این جی اوز کے نمائندے وسول سوسائٹی کے افراد موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے انسانی سمگلنگ وجبری مشقت کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلعی کمیٹی بھی اس ضمن میں سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی سوداگری ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے جن کی روک تھام کے لئے معاشرے کو بھی ضلعی انتظامیہ کے اقدامات میں شامل ہونا چاہیے۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے کہا کہ بچوں سے جبری مشقت کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں حکومتی سطح پر موثر مہم بھی جاری ہے۔سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور شرکاء میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔