فیصل آباد(حمزہ اکرم)نشہ کے ناسور سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے آگاہی کا دائرہ مزیدوسیع ہونا چاہیے تاکہ انہیں اس لعنت سے دور اور معاشرے کو اس برائی سے بچایا جاسکے۔یہ بات چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سائیکٹرسٹ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگرنے انجمن انسدادمنشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن میں آگہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔جنرل سیکر ٹری محمد انوار خاں،کنٹرولرامتحانات ڈاکٹر رضوانہ تنویر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس معشوق علی،نائب صدر محمد پرویز، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز جی سی وومن یونیورسٹی اسسٹنٹ پروفیسر اسماء عزیز،مس خلود اصغر اور دیگر اساتذہ کے علاوہ طالبات بھی موجود تھیں۔پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگرنے کہا کہ تابناک مستقبل کیلئے نوجوان نسل کو اس لت سے حتی المقدور دور رہنا چاہیے کیونکہ نشہ انسان کو تنزلی میں دھکیل دیتا ہے اور دین اسلام نے بھی اس سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں اور نشہ سمیت دیگر برائیوں سے دور رہیں۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ نشہ کے نقصانات سے آگاہی کیلئے سیمینارز،واکس اور دیگر معلوماتی پروگرامزتسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہیں۔جنرل سیکرٹری نے نشہ کی اقسام،اس کے معاشی ومعاشرتی زندگی پر اثرات اوراس سے پیداہونیوالی بیماریوں کی تفصیلات پر روشنی ڈالی اورکہاکہ ڈی ایچ کیو میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے سنٹر ہمہ وقت فنکشل ہے جہاں ایسے افراد کی کو نسلنگ کر کے انہیں معاشرے کاکارآمد شہری بنایا جارہاہے۔جنرل سیکرٹری نے انجمن انسدادمنشیات کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ معاشرے کو اس لت سے دور رکھنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے سیمینار میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نشہ کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔سیمینار سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف نے بھی خطاب کیا اور منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز نے کہا کہ نشہ کے خلاف نفرت بیدار کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز ناگزیر ہیں اس ضمن میں آئندہ بھی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔