فیصل آباد( نمائندہ ایف ٹی وی)ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں نجی شعبہ کی معاونت بھی قابل ستائش ہے جو طبی شعبہ میں اپنے وسائل سے صحت کی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کڈنی سنٹرڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مقامی مخیر حضرات کی طرف سے15 لاکھ روپے مالیت کی عطیہ کی گئی تین ڈائیلاسز مشینوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف حمید سلیمی،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،مخیر کاروباری شخصیات حافظ اصغر، شیخ امجدکے علاوہ ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈائیلاسز مشینوں کی فنکشنل حالت کاجائزہ لیا اور کہا کہ ڈائیلاسز مشینوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈی ایچ کیو میں 32 مشینیں فنکشنل ہیں اورگردوں کی بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے اور مخیر حضرات کی طرف سے عطیہ کی گئی مشینوں کی بدولت گردے کے مریضوں کوعلاج معالجہ میں مزید سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے ڈائیلاسز رجسٹریشن کاؤنٹر پر ضروری انتظامات کو بھی چیک کیا اورمشینوں کی فراہمی پر کاروباری افراد کا شکریہ اداکیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کے شعبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت قرب الہٰی کا ذریعہ ہے اور اس نیک وفلاحی کام میں حصہ لینے والے معاشرے کی بہت بڑی خدمت کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور انسانی فلاح کے کام صدقہ جاریہ ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ڈائیلاسز وارڈ میں گردوں کے مریضوں کے بہترین علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی۔شیخ امجداور حافظ اصغر نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے آئندہ بھی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔