فیصل آباد(حمزہ اکرم)چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ نے” صاف پنجاب مہم2022 ”کے سلسلہ میں یونین کونسل 102نثار کالونی کا دورہ کیا۔انہوں نے گلیوں میں جا کر دکانداروں اور شہریوں سے صفائی ستھرائی کے معیار بارے استفسار کیا جبکہ عوامی آگاہی مہم کے سلسلہ میں گھر گھرآگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر جی ایم آپریشنز محمد اعجاز بندیشہ،منیجر آپریشنز عبداللہ نذیر باجوہ،اسسٹنٹ منیجر آپریشنز حذیفہ جلیل و دیگر بھی موجود تھے۔ سی ای او نے ریڈیکس روڈ،نثار کالونی سے ملحقہ گلیوں کا دورہ کیا اور بعض مقامات پر ملبے اور کوڑا کرکٹ کی موجودگی پر خفگی کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ انسپکٹر کو صفائی ستھرائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صفائی کی سہولیات کی فراہمی ”صاف پنجاب مہم ”کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے۔خلوص نیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ہمیں انفرادی طور پر بھی اپنا رول ادا کرنا ہو گا۔صفائی برقرار رکھنا صرف حکومت یا انتظامی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ بحیثیت شہری یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے گھر، گلی اور محلہ کو صاف رکھیں،کوڑا کرکٹ گلیوں میں پھینکنے کے بجائے مقرر کردہ کوڑا دانوں میں ڈالیں۔جی ایم آپریشنز محمد اعجاز بندیشہ نے صاف پنجاب مہم پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر دو یونین کونسلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جا رہا ہے جس میں کوڑا کرکٹ سے بھرے پلاٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کروایا جا رہا ہے۔ اہم شاہروں کی سکریپنگ،گرین بیلٹس کی صفائی اور مکینکل سویپنگ کی مدد سے شہر کو صاف ستھرا بنایا جا رہا ہے۔