فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجہ میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران رہائشی گھروں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر سرسید ٹاؤن کے 23 گھروں میں قائم دکانوں کو سر بمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں بلڈنگ انسپکٹر مبشرہ خان اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفوسمنٹ ٹیم نے قائداعظم مارکیٹ کے قریب سر سید ٹاؤن میں انسپکشن کی تو مختلف گھروں میں چھوٹی کاروباری مشینری کی تنصیب کے علاوہ کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں جنہیں بلڈنگ لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کردیا گیا ان میں اے بلاک کے پلاٹ نمبر 71،79اور100بی بلاک کے پلاٹ نمبر 380،161،160،69،67،66،64،63 ای بلاک کے پلاٹ نمبر 127،126،123، 120، 112،108،107،93،92،91،53,52 شامل ہیں۔ان پلاٹس کے مالکان سے کہاگیاہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائینگی۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے رہائشی گھروں کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی پاداش میں مالکان کو نوٹسز جاری کئے گئے تھے جن کی عدم تعمیل پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور اس سلسلے میں کمرشلائزیشن پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔