فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی رجسٹریشن کرانے کی تاریخ میں 27 فروری تک توسیع کر دی گئی اب خواہشمند مقررہ تاریخ تک فارم تمام اسسٹنٹ کمشنر آفس، کنٹرول روم ڈی سی آفس اور آرٹس کونسل میں جمع کراکر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیعہ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد فاروق بٹ، انچارج کنٹرول روم محمد صادق اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 15 سے 35 سال کے افراد کو اپنے فن کے اظہار کے لیے موقع فراہم کرنے اور انعامات کی شکل میں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام متعارف کرایاگیاہے۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں آلات موسیقی،گائیگی، شاعری،کہانی نویسی،ڈویژن کی سطح پردستکاری،شارٹ فلم میکنگ کے مقابلے ہونگے۔صدر اجلاس نے ہدایت کی کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکمے بھر پورانداز میں متحرک ہوجائیں۔