فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سوشل ویلفئیرکے ادارہ صنعت زار میں تقریب منعقد ہوئی جس سے صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا کہ عورت خالق کائنات کی خوبصورت اورخوب سیرت تخلیق ہے ماں، بہن،بیٹی اوربیوی کا مقام انتہائی بلند اور مقدس رشتہ ہے جن کی عزت کرنا اوران پر اعتماد کرناچاہئے کیونکہ فیملی میں یہ ر شتے ہی پورے گھر اور معاشرے کو جنت بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عورت ہی ہے جس نے نبیوں سے لیکر عام آدمی تک کو جنم دیااور سب کی درسگاہ عورت کی گود ہے۔انہوں نے ملک کے تمام سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین پر زور کہ وہ نہ صرف خود اپنے سروں کو ڈھانپ کر رکھیں بلکہ اس پیغام کو معاشرے کی ہر خواتین تک پہنچائیں اس سے انکی خوبصورتی اور سیرت میں اضافہ ہوگا اور اسلامی اقدار کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے مذہب اسلام میں چادر اور چار دیواری کو عزت دی گئی ہے اسی طرح چار محرم مردعورت کیلئے انمول رشتوں میں باپ،بھائی،خاوند اور بیٹاشامل ہیں۔خواجہ شاہد رزاق سکا نے میر ا جسم میری مرضی سلوگن کو اسلامی تہذیب کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسی اسلام اوراخلاقی اقدار سے ناواقف مغربی تہذیب کی دلدادہ،روشن خیال،مادر پدر آزاد عورتیں بے ہودہ قسم کے نعرے لگا کراسلام اور پاکستان کی اسلامی شناخت کو مسخ کرناچاہتی ہیں ان خواتین کو امہات المومنین اور سیدہ فاطمہ الزہراؓ کی سیرت کا مطالعہ کرنا چاہیئے جن کی ز ندگیاں مسلمان عورتوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے صنعت زار فیصل آباد کی مثالی کارکردگی کی تعریف کی اور اس میں مزید بہتری لانے کیلئے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اپنے ادارہ ہیپی لیک پینٹس کی طرف سے5 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فرخ رضوان،ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق بٹ اورصنعت زار کی مینجرزاہدہ ناز نے طالبات کے ہمراہ مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔مینجر نے بتایا کہ ادارہ میں لڑکیوں کی تربیت کیلئے ماہر سٹاف موجوداور آج کے دور میں لڑکیوں کیلئے فنی تعلیم کا حصول اور ہنر سیکھناضروری ہے تاکہ وہ گھر کا نظام بہتر طریقے سے چلا سکیں اور خود کفیل ہونے کے ساتھ ساتھ گھر والوں کا ہاتھ بٹا سکیں انہوں نے بتایا کہ یہاں سے تربیت مکمل کرنے والی بچیاں گھروں میں با آسانی ر وزگار کمانے کے علاوہ معاشرے میں باعزت زندگی گزار رہی ہیں.