فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرہر ماہ کے پہلے ورکنگ ڈے پرریونیو عوامی خدمت سروسزکے تحت عوامی مسائل سننے کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں کورونا ایس اوپیز کے تحت ڈی سی آفس کے احاطہ میں ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے محکمہ مال سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے میرٹ پر درخواستیں نمٹائیں اور سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری،محکمہ مال کے افسران،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سٹی وصدر، تحصیلدار،نائب تحصیلدار اور پٹواری بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی مسائل سے روگردانی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اورتحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت لوگوں کے مسائل موقع پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مال عوامی خدمت میں پیش پیش ہے اور ریونیو عوامی خدمت کے انعقاد سے نہ صرف لوگوں کے مسائل حل ہورہے ہیں بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایک چھت تلے لوگوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل سن کر ان کا ازالہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچہری کے دوران شہریوں نے درستگی ریکارڈ،فرد کے اجراء،انتقالات کے اندراج،رجسٹری، انکم سرٹیفیکیٹ، ڈومیسائل کے اجراء سمیت محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات پیش کیں جن کے تیز رفتار حل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ مال کے افسران، اراضی ریکارڈ سنٹر کے سٹاف کو بھی کچہری میں حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔شہری ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ تحصیل آفس سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو رجوع کرسکتے ہیں۔ریونیو عوامی خدمت سروسز میں تحصیل سٹی وصدرمیں مجموعی طور پر47 درخواست گزاروں نے مسائل کی نشاندہی کی جن میں سے 39درخواستوں کو موقع پر نمٹادیا گیا جبکہ بقیہ درخواستوں پر تین دن میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف سائلین سے ریونیو عوامی خدمت کی افادیت اور ان کے مسائل کے حل میں پیشرفت بھی دریافت کی اور لوگوں سے کہا کہ ریونیو سے متعلقہ ان کے مسائل کا حل ترجیح ہے۔انہوں نے بعض سائلین کی درخواستوں پر اسسٹنٹ کمشنرز کو تیز رفتار اقدامات کرنے کی تاکید کی۔تحصیل جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت عوامی مسائل سنے۔