فیصل آباد(حمزہ اکرم)انجمن انسدادمنشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گلشن کالونی میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین شعبہ امراض نفسیات فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر نے کی۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے سلمان ہندل،پرنسپل ادارہ تسلیم ظہور،صدر انجمن انسداد منشیات محمد پرویز،جنرل سیکرٹری محمد انوار خان،جوائنٹ سیکرٹری آمنہ اکرم،میاں افضال،سوشل ویلفیئر آفیسر عامر پرویز، اساتذہ اور طالبات موجود تھیں۔پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد ڈوگر نے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ نوجوان نسل ہمارا روشن مستقبل اور والدین کی امیدوں کا مرکز ہیں جنہیں منشیات کے نقصانات سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے تاکہ وہ اس لعنت سے دور رہ کر اپنا مستقبل سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں نشہ سے انکار زندگی سے پیار کا پیغام عام کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے اس ضمن میں تعلیمی اداروں سمیت ہر موڑ پر خدمات انجام دینے والے اداروں کو معاونت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کومنشیات کا عادی بننے سے روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کالجز کے اندر طلباء و طالبات کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔پروفیسرڈاکٹرامتیاز احمد ڈوگر نے نشہ کے صحت پر ہونے والے مضر نقصانات اورعلاج کے حوالے سے مفید مشورے دیئے۔سلمان ہندل نے انسداد منشیات کے حوالے سے اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملی اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ سیمینار سے مسز تسلیم ظہور،محمد پرویز،آمنہ اکرم ودیگر نے بھی نشہ کے انسانی صحت پر مضر صحت اثرات بارے آگاہ کیا۔جنرل سیکرٹری انجمن انسدادمنشیات نے نشہ کے نقصانات سے آگاہی کے لئے جاری کاوشوں پر بریفنگ دی۔