فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال احمدکاسترو نے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں دستکاری نمائش کا افتتاح کیا۔انہوں نے دستکاری سکول میں طالبات کی طرف سے تیار کی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ بلاشبہ دستکاری علوم ایک اہم اور بنیادی ضرورت کا حامل ہنر ہے جس پر اگر محنت کی جائے تو ہماری گھریلو خواتین باآسانی اپنے گھر میں روزگار کے مواقع پید ا کر سکتی ہیں،ہمارا ملک ایک ترقی پذیر ملک ہے جس میں ہر شخص خواہ وہ مر د ہو یا عورت ہو اسے محنت کرنا ہو گی، آج معاشرے میں ایسے ہزاروں افراد موجود ہیں جو اپنے گھر وں میں مصنوعات تیار کر کے بازار میں فروخت کرتے ہیں جس سے ان کے گھر میں بے روزگار کا مسئلہ نہ صرف ختم ہو گیا ہے بلکہ وہ اپنی مصنوعات کے باعث دوسروں کو بھی روزی مہیا کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ دستکاری سکول کی خدمات لائق صد تحسین ہیں اورہمیں امید ہے کہ ادارہ اسی طرح خدمت انسانیت اور فلاح خواتین کے لئے اپنی گرانقدر خدمات جاری رکھے گا۔اس موقعہ پر صدر ادارہ حاجی ریاض احمد انصاری،ممتاز عالم دین حضرت مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،شریک سرپرست حاجی بلال نور انصاری،جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی،نظریہ پاکستان فورم کے صدر میاں عبد الوحید اورفنانس سیکرٹری حاجی صغیر احمد انصاری کے علاوہ طالبات اور معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔