فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے دو ارب 12 کروڑ روپے کی لاگت سے علاقائی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کی 217 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طاہر اقبال نے مختلف ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی وانتظامی پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیہ، لوکل گورنمنٹ، واسا، ایف ڈی اے اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرامز فیز III اور 100 ملین ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت واسا، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، روڈز،فیسکو کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کی علاقائی ضرورت وافادیت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران منظور کی جانے والی سکیموں پر تیز رفتارمحکمانہ اقدامات کئے جائیں تاکہ یہ منصوبے جلد مکمل ہوسکیں۔انہوں نے مختلف سیکٹرزکی سکیموں میں تمام تر متعلقہ قواعد وضوابط کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکاوٹ یامسئلہ کو فوری حل کیا جائے۔