فیصل آباد(حمزہ اکرم)فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں چیئرمین فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ولید ارشد ڈوگر،ایم پی اے چوہدری لطیف نذر، جی ایم آپریشنز کرنل (ر) عماد اقبال گل،عابد تنویر،سینئر مینجر آپریشن محمد اعجاز بندیشہ،ڈپٹی مینجر کمیونیکیشن مطیب ورک،ڈاکٹر حسن مسعود،محبوب عالم سندھو،میاں نبیل ارشد،چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ابرار رشید ڈھلوں و دیگر بھی موجود تھے۔کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف ڈبلیو ایم سی ولید ارشد ڈوگر نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کیلئے دن رات کوشاں ہے، اسی عزم کی تکمیل میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی اپنے ان مسیحی بھائیوں کی خدمات کے اعتراف میں اس تقریب کا انعقاد کیا ہے،بلاشبہ انکی محنت، لگن اور جانفشانی سے کام کرنے کا جذبہ ہی اس شہر کو صاف ستھرا رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ ورکرزہماری خوشیوں کیلئے پورا سال اپنی تعطیلات کی قربانی دیکرشہر کی صفائی کے فرائض سرانجام دیتے ہیں،کرسمس کے پر مسرت تہوار پر ہم انکی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہم انکی خوشیوں میں شانہ بشانہ شریک ہیں اور سلامتی کیلئے دعا گو ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک اور یہاں کوئی تفریق نہیں ہے بلکہ سب ایک دوسرے کے ساتھ پیار کرتے،آپس میں متحداور رواداری کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔مسیحی برادری کا پاکستان بنانے میں بھی اہم کردار ہے،اکثریت اور اقلیت کی بحث کو چھوڑ کر ایک قوم بن کر ابھرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی کیلئے دعایہ کلمات ادا کئے گئے۔