فیصل آباد(عثمان صادق)حکومت پنجاب کی ہدایات پرہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈیز پرریونیو عوامی خدمت کچہری لگاکر شہریوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات سن کر ان کے حل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنرعلی شہزادنے ڈی سی کمپلیکس میں تحصیل سٹی وصدر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے میرٹ پر درخواستیں نمٹائیں اور سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنرزسٹی وصدرصاحبزادہ محمدیوسف،غلام مصطفی جٹ اورمحکمہ مال کے متعلقہ افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنتے ہوئے واضح کیا کہ لوگوں کے مسائل کے حل میں سنجیدگی نہ دکھانے والے افسران کی ضلع میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے بعض شہریوں کے ریونیو سے متعلقہ امور میں رکاوٹ پر فوری مسئلہ حل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اورتحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت کچہری کے تحت لوگوں کے مسائل موقع پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کچہری کے دوران شہریوں نے درستگی ریکارڈ،فرد کے اجراء،انتقالات کے اندراج، رجسٹری،انکم سرٹیفیکیٹ، ڈومیسائل کے اجراء سمیت محکمہ مال سے متعلقہ مسائل وشکایات پیش کیں جن کے تیز رفتار حل کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ مال کے افسران،اراضی ریکارڈ سنٹر کے سٹاف کو بھی کچہری میں حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔شہری ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ تحصیل آفس سے ہر ماہ کی پہلی اور دوسری تاریخ کو رجوع کرسکتے ہیں۔ریونیو عوامی خدمت کچہری میں تحصیل سٹی وصدرمیں مجموعی طور پر59درخواست گزاروں نے مسائل کی نشاندہی کی جن میں سے 43درخواستوں کو موقع پر نمٹادیا گیا۔تحصیل جڑانوالہ،سمندری، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت عوامی مسائل سنے۔دوسری کچہری ہفتہ دو اپریل کو ہوگی۔