فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی سطح پر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے مقابلے آرٹس کونسل میں منعقد ہوئے۔مقابلوں میں گائیکی، آلات موسیقی،مصوری، شاعری، کہانی نویسی کے مقابلوں میں 15 سال سے 35 سال تک کی عمر کے سیکٹروں مرد وخواتین نے حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ڈپٹی کمشنرمحمد علی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیعہ،ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز آمنہ عالم، محمد عمران رضا، انچارج کنٹرول روم محمد صادق،محمد اختر بٹ، وحید خالق رامے کے علاوہ مرد وخواتین بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء وطالبات کی پینٹنگز دیکھیں اور ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے گائیکی کے مقابلے میں فنکاروں کے گیت بھی سنے اور پوزیشن ہولڈرز میں 10 ہزار، 7ہزار اور 5 ہزار روپے انعامات تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام حکومت پنجاب کا بڑا اقدام ہے جس کی بدولت نوجوانوں میں چھپا ہوا ٹیلنٹ اجاگر ہورہا ہے۔انہوں نے مقابلوں میں شریک افراد کو مبارکباد دی اور توقع کا اظہار کیا کہ ضلع فیصل آباد صوبائی سطح پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرے گا۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے مقابلوں کے انعقاد کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ڈویژنل سطح پر مقابلے 9 مارچ کو ہونگے.