فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) حقوق و فرائض پر عملدرآمد کے حوالے سے عورتوں کی سوچ پختہ بنانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں تعلیم یافتہ خواتین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے لاعلم عورتوں کو ترقی کی جانب چلنے کا ادراک دلائیں۔ ان خیالات کا اظہار سپرنٹنڈنٹ سنٹر فار ڈس ایبل نشیمن کنیز فاطمہ نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔سوشل ویلفیئر آفیسر منیبہ کاشف سمیت ادارہ میں زیر تربیت خواتین کی کثیر تعداد نے واک میں شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر خواتین کے حقوق سے آگاہی سے متعلق تحریریں درج تھیں۔سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ خواتین کی بہبود کیلئے موجود ادارے متحرک اور سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں کیونکہ خواتین کی بہبود ایک نصب العین ہے جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہئے۔انہوں نے ضلعی سطح پر خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ حقوق سے آگاہی کے لئے خواتین کا پڑھا لکھا ہونا ضروری ہے۔سوشل ویلفیئر آفیسر نے کہا کہ خواتین کو سماجی سرگرمیوں میں شریک اور خوداعتمادی پیدا کرنے کیلئے معلوماتی و آگاہی پروگرامزمنعقد کرانے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیئے۔انہوں نے عورتوں کی بھلائی کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اس ضمن میں انہیں سماجی و معاشی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ پسماندہ خواتین ہماری زیادہ توجہ کی مستحق ہیں جنہیں قومی دھارے میں لانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے