فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے موقع پر ہی متعدد درخواست گزاروں کی شکایات نمٹادیں۔انہوں نے دفتر رجوع کرنے والے سائلین کے مسائل تحمل مزاجی سے سنتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو فوری داد رسی کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پراپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل سن کر ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا تیز رفتار حل اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی محکموں کے سربراہان کوبھی عوامی مسائل کے حل میں تاخیری حربوں سے گریز کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ عوامی مسائل پر کان نہ دھرنے والے افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا لہذا وہ عوامی ریلیف کے سلسلے میں محکمانہ کارکردگی کے معیار میں اضافہ کریں۔انہوں نے بزرگوں،مردوخواتین کے مسائل سنتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہے اور سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔