سال کے آخر تک نئے میٹرز اور ٹرانسفارمرز فیسکو کے موصول ہو جائیں گے-انجنئیر بشیراحمد

عوامی مسائل

فیصل آباد(حمزہ اکرم ) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک نئے میٹرز اور ٹرانسفارمرز فیسکو کے موصول ہو جائیں گے جس کے فوری بعد ریجن بھر میں انکی تنصیب شروع ہو جائے گی۔ صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ آن لائن کچہری کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری حل اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انھوں نے فیسکو افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ صارفین بجلی کے مسائل کو فوری طور پر نمٹایا جائے تاکہ فیسکو کا امیج ایک صارف دوست کمپنی کے طور پر ابھرے۔ انھوں نے بتایا کہ سسٹم کی بہتری اور نئے گرڈز کی تعمیرکیلئے فیسکو سالانہ اربوں روپے خرچ کررہا ہے تاکہ آئندہ موسم گرما میں صارفین کو لوو ولٹیج اور دیگر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے صارفین بجلی سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی سرکوبی کیلئے تعاون کریں تاکہ فیسکو سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے اورصارفین بجلی کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ سیل کے علاوہ 118،ٹال فری نمبر 0800-66554صارفین بجلی کی شکایات کے ازالے کیلئے ہمہ وقت کام کررہے ہیں۔دریں اثناء آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،سرگودھا،میانوالی، خوشاب اور بھکر کے تقریباً56سے زائدصارفین نے فیسکو چیف کو مختلف نوعیت کے مسائل جن میں ٹرانسفارمر ز کی اوورلوڈنگ،کھمبوں کی تبدیلی،میٹر تبدیلی،نئے کنکشنز کے اجراء وولٹیج کی کمی بیشی سے آگاہ کیا جسے سن کر انہوں نے موقع پر ہی ان کے ازالے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کو صارفین کی موصول ہونے والی شکایات کوفوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے اور آئندہ24گھنٹوں میں اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے